ہندوستان عدم رواداری پر مبنی سماج کا متحمل نہیں

معاشی ترقی کیلئے رواداری انتہائی اہم : سابق گورنر آر بی آئی رگھورام راجن
نئی دہلی 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بے باک جرنلسٹ گوری لنکیش قتل پر ملک گیر برہمی کے دوران سابق آر بی آئی گورنر رگھورام راجن نے آج کہاکہ ہندوستان عدم رواداری پر مبنی سماج کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے رواداری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ رگھورام راجن جو ایک سال قبل گورنر ریزرو بینک آف انڈیا کے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے، 2015 ء میں ایک لیکچر کے دوران ملک میں بڑھتی عدم رواداری کا تذکرہ کرنے پر تنازعہ کھڑا ہوگیا تھا۔ اُنھوں نے گورنر آر بی آئی کے عہدہ پر رہتے ہوئے عمومی قواعد سے انحراف کیا تھا۔ رگھورام راجن نے ایک انٹرویو میں اِس تبصرے کو منصفانہ قرار دیا اور کہاکہ عوامی شخصیتوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ بسا اوقات وہ اِس بات کا اظہار کریں کہ ملک کے حق میں کیا بہتر ہے، اور میں نے بھی یہی کیا ہے۔ اُن کا یہ لیکچر ایک مسلم شخص کو مشتبہ طور پر بیف رکھنے کے الزام میں ہلاک کرنے کے واقعہ کے بعد منعقد کیا گیا تھا۔ اِس ہلاکت پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے اور شدید برہمی ظاہر ہوئی تھی۔ رگھورام راجن نے جرنلسٹ و سماجی کارکن گوری لنکیش کے قتل کو افسوسناک قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ خاتون صحافی کی ہلاکت آج ایک اہم موضوع بن چکی ہے اور عوام میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ بے باکی کے ساتھ اپنی تحریریں لکھنے کی وجہ سے اُن کا یہ انجام ہوا ہے۔