ہندوستان سے 1.36لاکھ عازمین حج کی روانگی

جدہ۔/26اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی قونصل خانہ کے ایک عہدیدار نے آج کہا کہ اس سال ہندوستان سے زائد از 1.36لاکھ عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ ہندوستانی عازمین کو تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ مناسک حج کی پرسکون ادائیگی کو یقینی بنانے تمام سہولتوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ اس سال سعودی عرب میں حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے جنوبی ایشیائی ملکوں سے جو برصغیر کا سب سے بڑا قافلہ ہوگا، 4لاکھ 10ہزار عازمین روانہ ہوں گے۔ ساری دنیا سے 1.3ملین عازمین حج کی آمد متوقع ہے۔ قونصل جنرل ہند کے عہدیدار ( پریس انفارمیشن اینڈ کلچر ) قونصل ارشاد احمد نے بتایا کہ ہندوستان سے 136020 عازمین حج سعودی عرب پہنچیں گے۔ انہیں پرسکون ماحول فراہم کرنے کیلئے قونصل خانہ ہند کی جانب سے ہر طرح کی سہولت دی جارہی ہے۔ ارشاد احمد نے مزید کہا کہ عازمین حج کا پہلا قافلہ کل صبح کولکتہ سے مدینہ منورہ پہنچے گا جبکہ مہاراشٹرا کے اورنگ آباد ضلع سے 7ستمبر کو پہلی پرواز جدہ پہنچے گی۔ تقریباً 1.36لاکھ عازمین حج کو اس سال کئی مراکز سے پرواز کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔

ارشاد احمد نے مزید کہا کہ حج انتظامات کو موثر بنانے کیلئے دستیاب ٹکنالوجی اور دیگر آلات کا استعمال کیا جارہا ہے۔ عازمین حج سے مواصلات کو موثر بنایا گیا ہے۔ ہندوستانی حج مشن نے انٹرنیٹ پر مبنی رابطہ کاری کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اسمارٹ فون کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستانی حاجیوں کو ان کی رہائش گاہوں کے مقام کی نشاندہی کی جائے گی۔ عازمین حج کو اسمارٹ فون کے ذریعہ پتہ چلانے میں آسانی ہوگی کہ ان کی رہائش گاہ کس مقام پر ہے۔ایک مرتبہ ڈاؤن لوڈ کرلینے کے بعد تمام عازمین کو APPAS ICON پر کلک کرنے سے اور کسی بھی عازم حج کا کور نمبر یا پاسپورٹ نمبر درج کرنے سے آپ کو اپنی رہائش گاہ کی جامع تفصیلات حاصل ہوجائیں گی۔ اس کے علاوہ سیل فون پر عازمین حج کو اپنے ٹھہرے ہوئے مقام کے ساتھ راستوں کی بھی نشاندہی اور روڈ میاپ سٹیلائٹ کی مدد سے آسان ہوگی۔ جدہ میں متعین ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک نے یہ بات بتائی تھی۔

ہندوستان سے آنے والے ہر ایک عازم حج کو سعودی سیل فون سم کارڈ فراہم کیا جائے گا اور وہ آمد کے ساتھ ہی سیل فون کو ایکٹویٹ کراسکتے ہیں۔مبارک نے کہا کہ ہم سیل فون کے ایکٹویٹ ہوتے ہی مختصر پیام روانہ کریں گے تاکہ ہم اپنے عازمین حج کو فوری اور اہم تبدیلیوں کے بارے میں اطلاع دے سکیں۔ زائد از ایک لاکھ عازمین حج کو فی عازم 5لیٹر زم زم بھی فراہم کیا جائے گا۔ حج کمیٹی آف انڈیا اور سعودی عرب ایر لائنس کے درمیان ایک نئے معاہدہ کے تحت زم زم کی مقدار پانچ لیٹر کردی گئی ہے۔ اس سال 136020 عازمین کو حج کی سعادت نصیب ہوگی ان میں سے 100,020 عازمین حج، حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ مابقی خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ سعودی عرب پہنچیں گے۔ سعودی عربیہ ایر لائنس سے 49,230 عازمین اور ایر انڈیا سے 50790 عازمین کو لایا جائے گا۔ یہ عازمین ہندوستان کے 21مراکز سے سعودی عرب کیلئے پرواز کریں گے مابقی 36ہزار عازمین خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔