نئی دہلی 8 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج ایران کو 550 ملین ڈالرس کی دوسری قسط ادا کردی تاکہ تیل کی درآمدات پر جو بقایہ جات ہیں ان کا ایک چوتھائی کلئیر ہوسکے ۔ ہندوستان کی جانب سے پہلی قسط کے 550 ملین ڈالرس 26 جون کو ادا کئے گئے تھے جبکہ اتنی ہی رقم کی دوسری قسط آج ادا کی گئی ۔ حکومت کے اور صنعتی ذرائع نے بتایا کہ اتنی ہی رقم پر مشتمل تیسری قسط 20 جولائی کو جاری کی جائیگی ۔ فبروری 2013 میں امریکہ کی جانب سے ایران کیلئے ادائیگی کے چینلس بند کئے جانے کے بعد سے ہندوستان ایران کو یوکو بینک کی کولکتہ برانچ کے ذریعہ 45 فیصد ادائیگی روپئے میں کر رہا ہے ۔ مابقی رقم کیلئے اسے ادائیگی کرنے انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔ سابقہ بقایہ جات میں اس وجہ سے 4 بلین ڈالرس کا اضافہ ہوگیا تھا ۔
اب ادائیگی کیلئے ایک راستہ دستیاب ہوچکا ہے جس کے تحت 1.65 بلین ڈالرس کی رقم 550 ملین ڈالرس کی مساوی تین قسطوں میں متحدہ عرب امارات کے سنٹرل بینک کے ذریعہ ایران کو ادا کی جائیں گی ۔ ذرائع نے کہا کہ آخری قسم کی ادائیگی 20 جولائی سے قبل عمل میں لائی جائیگی ۔ ہندوستان نے یوکو بینک کے اکاؤنٹ میں 550 ملین ڈالرس کے مساوی ہندوستانی روپئے جمع کروادئے تھے اور اب یہ رقم ریزر وینک آف انڈیا کو منتقل کردی جائیگی تاکہ اسے پھر متحدہ عرب امارات کے سنٹرل بینک کو روانہ کیا جائے ۔ اس بینک کی جانب سے ایران کو یہ رقم درہم میں ادا کی جائیگی ۔ ایران سابقہ بقایہ جات پر سود کا مطالبہ کر رہا ہے لیکن ہندوستان اور ریزرو بینک نے اس مطالبہ کو مسترد کردیا ہے ۔