ہندوستان تعلیمی مرکز بن کر اُبھراہے: سشما سوراج

نئی دہلی 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جستجو برائے علم ہندوستانی کلچر کا بنیادی نکتہ رہی ہے اور یہ ملک تعلیمی مرکز کے طور پر اُبھر آیا ہے، وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے آج یہ بات کہی۔ وہ انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنس کے المنی ایوارڈ کی تقریب میں مخاطب تھیں۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ اِس ملک میں بہترین ادارے ہیں جیسے آئی آئی ٹیز، آئی آئی ایمز اور این آئی ٹیز جو بائیو ٹیکنالوجی، سولار انرجی اور ٹکسٹائیل مینجمنٹ و دیگر شعبوں میں ماہرانہ کورسیس پیش کررہے ہیں۔ تقریباً 6 ہزار بیرونی طلبہ ہندوستان میں آئی سی سی آر کی مختلف اسکالرشپس کے تحت تعلیم پارہے ہیں اور یہ تعداد ہر گزرتے سال کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے۔ انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنس کی اسکالرشپس کے ذریعہ ہندوستان میں تعلیم ہماری قوم کی طرف سے دیگر ممالک میں تعلیم یافتہ سماج کو فروغ دینے میں مخلصانہ حصہ ہے۔ سشما نے کہاکہ اِن تمام اداروں نے جدید ہندوستان میں اِس طرح کے کئی ادارہ جات کی بنیاد بنائی ہے۔