ہندوستان ایک عظیم ملک : ٹرمپ

واشنگٹن۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلیکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے صدارتی دوڑ میں شامل ہونے کے بعد ہندوستان پر پہلی بار تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ایک عظیم ملک ہے جہاں ہر شعبہ میں ترقی ہورہی ہے تاہم دنیا میں کوئی بھی اس بات کو موضوع بحث نہیں بنا رہا ہے۔ سی این این کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس وقت بہترین ممالک میں سے ایک ہے جہاں ہر شعبہ حیات ترقی کی جانب گامزن ہے۔ صدارتی انتخابات کیلئے گزشتہ کچھ عرصہ سے انتہائی مصروف ڈونالڈ ٹرمپ نے پہلی بار ہندوستان کی جانب اپنی توجہ مبذول کی جبکہ قبل ازیں اپنی تقاریر کے دوران انہوں نے چین، میکسیکو اور جاپان جیسے ممالک پر تنقیدیں کی تھیں۔ انہوں نے امریکی معیشت کے انحطاط کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اب لوگ اچانک چین اور ہندوستان کی مستحکم معیشت کے بارے میں بات کررہے ہیں جو بجا بھی ہے کیونکہ اس وقت خاص طور پر ہندوستان کے حالات انتہائی حوصلہ افزاء ہیں۔