ملبورن ۔ 16 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ کیلئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ صورتحال میں کھیلے گئے ایک میچ کا سڈنی کلب میں کل رات ٹیلی ویژن پر مشاہدہ کرتے ہوئے وہاں موجود ان دونوں ٹیموں کے مداحوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا جس کے نتیجہ میں کم سے کم چار افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے کہا کہ میری لینڈس آر ایس ایل کلب میں کل رات ہوئے اس جھگڑے میں 40 افراد ملوث تھے ۔ تین زخمیوں کو ویسٹ میڈ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جبکہ چوتھے کو آؤبرن ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ۔ چاروں کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے ۔ اس لڑائی کی تحقیقات میں مصروف پولیس اب سکیورٹی کیمرہ فٹیج کا جائزہ لے رہی ہے ۔ تاہم ہنوز کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔ اس میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 76 رنز سے شکست دی تھی ۔ اس طرح ہندوستان نے اپنی کٹر روایتی حریف ٹیم کو ان مقابلوں میں شکست دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ہندوستان کی یہ لگاتار چھٹویں کامیابی تھی ۔