ہندوستان اور بھوٹان کے مابین باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کا فیصلہ

تھمپو۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پہلے بیرونی کیلئے بھوٹان کا انتخاب کیا جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا ۔ انہوں نے باہمی روابط میں استحکام کی ضرورت ظاہر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو ’’B2B‘‘ (بھارت تا بھوٹان) سے تعبیر کیا ۔ نریندر مودی نے بھوٹان کے بادشاہ اور وزیراعظم سے وسیع امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے دو روزہ دورہ کے آغاز کے ذریعہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی میں بھوٹان کے موقف کی اہمیت واضح کی ۔ نریندر مودی نے یہاں سپریم کورٹ کی عمارت کا افتتاح انجام دیا جو ترقیاتی تعاون کے حصے کے طور پر ہندوستان نے تعمیر کی ہے ۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں بنیادی توجہ دونوں ممالک کے مابین ترقیاتی تعاون اور معاشی روابط کو بڑھانے کیلئے اقدامات پر مرکوز تھی ۔ نریندر مودی نے باہمی روابط کو B2B روابط سے تعبیر کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ بھوٹان کے بادشاہ وینگ چیک اور وزیراعظم شیرینگ توپگے سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ مودی نے ہندوستان میں بھوٹان کے طلباء کو فراہم کی جانے والی اسکالر شپ کی رقم دوگنی کرنے کا بھی اعلان کیا جو تقریباً 2 کروڑ روپئے ہوگی ۔

انہوں نے ڈیجیٹل لائبریری کے قیام میں بھوٹان کی مدد کا وعدہ کیا جس کے ذریعہ نوجوانوں کو تقریباً 2 ملین کتب اور جرائد تک رسائی ممکن ہوسکے گی ۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ وزیراعظم نے پہلے بیرونی دورہ کیلئے بھوٹان کا انتخاب اس لئے کیا کیونکہ چین نے بھی اس ملک کے ساتھ روابط استوار کرنے شروع کردیئے ہیں اور مکمل سفارتی تعلقات قائم کرنے کی کوشش جاری ہے ۔ مودی کے ہمراہ وزیر امور خارجہ سشما سواراج ، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوگل اور معتمد خارجہ سجاتا سنگھ بھی شامل ہے ۔ ایرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور وزیراعظم توپگے کے علاوہ دیگر کابینی رفقاء نے ان کا خیرمقدم کیا ۔ حکومت بھوٹان نے مودی کیلئے سرخ قالین استقبال کے ساتھ ساتھ گارڈ آف آنر بھی پیش کیا ۔ بھوٹان کے بادشاہ کے ساتھ ان کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی جس کے بعد انہوں نے توپگے سے ملاقات کی ۔ نریندر مودی نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ہندوستان کو ایک بااعتماد پارٹنر تصور کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کیلئے موثر اقدامات کرے گی ۔ بھوٹان روانگی سے قبل مودی نے بھوٹان کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو بہترین قرار دیا تھا

ور ان کی حکومت کی اہم خارجہ پالیسی کی ترجیح بتایا تھا۔ وزیراعظم بھوٹان تھرنگ توپگے نے مودی کو ایک دوست اور نہایت ہی باعلم قابل شخص قرار دیا اور کہا کہ بھوٹان کی جانب سے ان کے دورہ کو ایک شاندار موقع سمجھ کر تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب اقدامات کئے جائیں گے۔ دونوں ملکوں میں پہلے ہی سے مضبوط و مستحکم روابط ہیں۔ ان میں مزید مضبوطی لائی جائے گا۔ وزیراعظم بھوٹان نے اپنے 63 سالہ ہندوستانی منصب کے بارے میں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک دوستانہ مزاج کے حامل اور قابل شخص ہیں اور وہ بھوٹان کے ساتھ نہایت ہی پرجوش تعلقات کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ہند۔ بھوٹان تعلقات کی تفصیلات سے بھی وہ بخوبی واقف ہیں۔ہم دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کا جشن شاندار طریقہ سے منانے کے اس موقع کو ضائع ہونے نہیں دیں گے اور اس دورہ کو ایک اچھا موقع متصور کرتے ہوئے دوستی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ مودی کے ساتھ باہمی بات چیت میں اولین توجہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہوگی۔ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر انہوں نے کہا کہ وہ اب خوشگوار فضاء میں تبادلہ ٔ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھوٹان بھی ہندوستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مستحکم بناکر مثبت کو فروغ دیں گے۔