ڈھاکہ،28 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور بنگلہ دیش بحریہ نے پہلی بار چھ دنوں کی مشترکہ گشتی مہم کا آغاز کیا بنگلہ دیش وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہندوستان اور بنگلہ دیش کے بحریہ سربراہان نے مشترکہ طور سے انسداد جرائم ‘کورپیٹ’ نامی اس مہم کی مشترکہ خصوصیات سے متعارف کرایا۔بنگلہ دیش بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نظام الدین احمد اور ہندوستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل سنیل لامبا نے چٹاگانگ میں واقع بحریہ کے بیس میں منعقد ایک پروگرام میں اس گشتی مہم کا آغاز کیا۔ ‘کورس آف شیئرڈ ہوپس’ موضوع پر مبنی اس مہم کا اختتام ہندوستان کے وشاکھاپٹنم میں تین جولائی کو ہوگا۔بنگلہ دیش بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے بحریہ کے جہاز اور ہوائی جہاز جمعرات سے بنگلہ دیش کے آبی علاقے سے مشترکہ گشتی مہم کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو بنگلہ دیشی اور دو ہندوستانی جنگی جہاز اور دونوں ممالک کے دو سمندری گشتی جہاز دہشت گردوں، قزاقوں، انسانی اسمگلنگ، اسمگلنگ اور غیر قانونی طور پر ماہی گیری کے خلاف مشترکہ گشتی مہم میں شامل ہوں گے ۔مشق کے دوران بنگلہ دیش اور ہندوستانی بحریہ کے دو دو افسران ایک دوسرے کے جنگی جہازوں میں سفر کریں گے ۔