نیویارک۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں نفرت انگیز جرائم کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جہاں کبھی کسی کو ہلاک کردیا جاتا ہے تو کبھی کسی کی بے عزتی کی جاتی ہے۔ تازہ ترین واقعہ ایک ہندوستانی کے ساتھ پیش آیا جہاں شرپسندوں نے اس کے مکان میں کتے کا فضلہ اور گندے انڈے پھینک دیئے اور نفرت انگیز پیغامات کے پرچے ہر طرف بکھرا دیئے اور اس واقعہ کے بعد ایف بی آئی نے بھی اسے ممکنہ طور پر ایک اور نفرت انگیز جرم سے تعبیر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ یہ واقعہ کو لوراڈو کے مستقر پیٹون میں رونما ہوا۔ ہندوستانی مالک مکان نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی خواہش کی ہے۔ نفرت انگیز پیغامات نسلی نوعیت کے تھے، مثلاً تم غیرسفید فام ہندوستانی یہاں کیوں ہو؟ اسی نوعیت کے پیغامات کے پرچے پورے مکان میں بکھرے ہوئے تھے۔ ہندوستانی شخص نے بعدازاں بتایا کہ اس کے پڑوسیوں نے مکان صاف کرنے میں اس کی مدد کی۔