ہندوستانی چوکیوں پر پاکستان کی شلباری ، 4 ہلاک

جموں ۔ /23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے بڑے پیمانے پر حملے کرتے ہوئے آج جموں سیکٹر پر 22 سرحدی چوکیوں اور 13 مواضعات پر بلااشتعال ، شلباری اور فائرنگ کی جس میں 4 ہلاک اور دیگر 6 زخمی ہوئے ۔ جموں سیکٹر کے بین الاقوامی سرحد پر ایک جوان ہلاک ہوا ۔ اس سرحدی علاقہ میں زائد از 3000 افراد مقیم ہیں جنہیں ہنگامی منصوبہ کے تحت محفوظ مقامات کو منتقل کیا گیا ہے ۔ پونچھ میں سب سیکٹر ہمیر پور کے ساتھ ساتھ آرنیا اور آر ایس پورا کی ساری سرحدی پٹی کو نصف نشانہ بنانے کے فوری بعد پاکستان کی جانب سے کی گئی تازہ جنگ بندی کی خلاف ورزی میں آج شلباری کی گئی ۔ بی ایس ایف جوانوں نے فوری پوزیشن سنبھال لی اور پاکستانی فائرنگ کا اسی شدت سے یکساں جواب دیا

جس کے نتیجہ میں صبح 7 بجے تک سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا ۔ ہندوستانی فائرنگ میں پاکستان کے 2 سپاہی ہلاک ہونے کی اطلاع ہے ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ پاکستانی رینجرس نے ضلع جموں کے ارنیا اور آر ایس پورا سب سیکٹرس میں بین الاقوامی سرحد سے متصل شہری علاقوں اور 22 ہندوستانی چوکیوں پر خودکار ہتھیاروں اور 82 ایم ایم مارٹرس سے حملے کئے ۔ شدید شلباری میں جانی نقصان ہوا ہے ۔ جورا علاقہ میں کسان اکرم حسین اور اس کا بیٹا اسلم ہلاک ہوئے ۔ اس خاندان کے دیگر 3 ارکان زخمی ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے ایک شیل داغا گیا تھا جو چھت پھاڑکر ان کے گھر کے اندر آکر پھٹ گیا ۔ سب ڈیویژنل پولیس آفیسر آر ایس پورا دیویندر سنگھ نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے آج دو مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔ یہ فائرنگ بلااشتعال اور اندھادھند طریقہ سے کی گئی تھی ۔ اس سال پاکستانی فوج کی جانب سے بین الاقوامی سرحد پر شلباری 2003 ء کی جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی ہے ۔

کرکک میں تین کار بم دھماکے
30 ہلاک
کرکک ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عراق کے شمالی شہر کرکک میں متواتر تین کار بم دھماکے ہوئے جس میں 30 افراد ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق 65 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ دوکار بم دھماکے زیر تعمیر عمارتوں کے قریب ہوئے جسے سکیوریٹی فورسس عوامی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے استعمال کررہی تھی جب کہ تیسرا دھماکہ مارکٹ کے باب الداخلہ پر ہوا ۔

دو ہفتوں میں 20 سے زائد جنگ بندی کی خلاف ورزیاں : جیٹلی
نئی دہلی ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیر دفاع ارون جیٹلی نے آج کہا کہ حالیہ چند ماہ کے دوران پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فورسیس ملک کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے موثر جواب دے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران جنگ بندی کی خلاف ورزی کے 20 سے زائد واقعات پیش آئے ۔ وزیر دفاع کے مطابق ہر شخص کو یہ اطمینان رکھنا چاہئے کہ ہماری فوج پوری طرح چوکس ہے ۔۔