واشنگٹن 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست الاباما کے گورنر نے اس ماہ کے اوائل پولیس کی طرف سے ایک عمر رسیدہ ہندوستانی کے خلاف ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال کو بدبختانہ قرار دیا۔ اس پولیس کارروائی کے سبب یہ ہندوستانی شخص جزوی طور پر مفلوج ہوگیا ہے۔ گورنر رابرٹ بنٹلے نے الاباما میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کو حکم دیا کہ 6 فروری کو 57 سالہ سریش بھائی پٹیل پر مقامی پولیس کی جانب سے طاقت کے ضرورت سے زیادہ استعمال کے بارے میں فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) کی رواں تحقیقات کے ساتھ متوازی تحقیقات شروع کی جائیں۔ مسٹر بنٹلے نے اٹلانٹا میں ہندوستانی قونصل جنرل اجیت کمار کے نام اپنے مکتوب میں لکھا کہ ’’اس المناک واقعہ پر آپ کی حکومت سے ہماری مخلصانہ معذرت خواہی قبول کریں‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ میڈیسن پولیس کی طرف سے سریش بھائی پٹیل پر طاقت کے ضرورت سے زیادہ استعمال اور اس کے نتیجہ میں ان کے زخمی ہونے پر سخت افسوس ہے۔ سریش بھائی پٹیل کے طبی مصارف کی پابجائی کیلئے رقم جمع کرنے کے مقصد سے شروع کردہ ایک آن لائن مہم کے تحت تاحال 4,300 افراد نے 187000 ڈالر جمع ہوئے ہیں۔