ہندوستانی نژاد نوجوان برطانیہ کا ہونہار ترین طالب علم

لندن ۔23 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ہندوستانی نژاد طالب علم جس نے اپنے کلیدی مضامین میں صد فیصد نشانات حاصل کرتے ہوئے ’’پرفیکٹ فائیو‘‘ کا موقف حاصل کیا ، اُس کی اب سارے برطانیہ میں تعریف و توصیف کی جارہی ہے اور اُسے برطانیہ کا ہونہار ترین طالب علم قرار دیا جارہا ہے ۔ اسانیش کلیان سندرم نامی طالب علم نے ریاضی ، فزکس ، کیمسٹری ، بائیولوجی اور کریٹکل تھنکنگ جیسے پانچ مضامین میں اعلیٰ ترین ممکنہ نشانات حاصل کرتے ہوئے ’’پرفیکٹ فائیو‘‘ کا موقف حاصل کیا جو برطانیہ تعلیمی شعبہ میں ’’اے لیول‘‘ کے حصول کے لئے لازمی قرار دیا جاتا ہے ۔ 18 سالہ طالب علم نے اپنے اس کارنامہ پر مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ اب اکتوبر میں وہ میڈیسن کی تعلیم کیلئے کیمبرج یونیورسٹی میں داخلہ لے گا ۔ اسانیش اپنی والدہ سجاتا کے ساتھ لنکاشائر میں رہتا ہے۔ وہ بیڈمنٹن کا بھی کھلاڑی ہے ۔ اُس نے اپنی اسکولی تعلیم سینٹ جوزفس پارک ہل اسکول اور باکپ اینڈواٹینٹال گرامر اسکول سے مکمل کی ۔