نیویارک۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک 33 سالہ ہندوستانی نژاد شخص کو ایک ناکارہ کمپیوٹر کے کوڈ کو اپنے سابق آجر کے سرور پر بھیجنے کی پاداش میں دو سال کی سزائے قید اور 300,000 امریکی ڈالرس جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ناکارہ کمپیوٹر کے کوڈ کی وجہ سے ملزم کے سابق آجر کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ نیوجرسی کے ساکن نکھل نلیش شاہ کو 30 ماہ تک جیل میں رہنے کا یو ایس ڈسٹرکٹ جج لوئی فلانگن نے حکم دیا ہے جبکہ جرمانہ کی جملہ رقم 324,462 ڈالرس بتائی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ 2007ء تا 2012ء شمالی کیرولینا کی ایک کمپنی میں بحیثیت ٹیکنالوجی مینیجر خدمات انجام دے رہا تھا۔ کمپنی موبائیل ایپس کی تیاری کیلئے پلیٹ فارمس تیار کرنے کا کام کرتی تھی۔ شاہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ مارچ 2012ء میں اس نے ملازمت ترک کرتے ہوئے دیگر ٹیکنالوجی کمپنی میں ملازمت کرلی۔ یہی نہیں بلکہ اسی سال جون میں اس نے اپنے ناکارہ کمپیوٹر کے کوڈ کو اپنی سابقہ کمپنی کے سرور کو بھیج دیا جس سے کمپنی کا کارآمد ڈیٹا حذف ہوگیا اور کمپنی کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔