واشنگٹن۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی نژاد سائنسداں کو جس نے مصنوعی انسانی جگر تیار کیا ہے اور جو طبی جانچ کے مرحلے میں ہے ‘ ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر کا باوقار ہینز ایوارڈ دیا گیا ۔ میساچوچیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کی سنگیتا بھاٹیہ کو اس انعام کیلئے نامزد کیا گیا تھا ۔ ایوارڈ میں ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر کی قطیر رقم دی جاتی ہے ۔ یہ انعام سالانہ بنیاد پر غیرمعمولی کارناموں پر افراد کو پیش کیا جاتا ہے ۔ یہ کارنامے ماحولیات ‘ انسانی حالات ‘ عوامی پالیسی ‘ ٹکنالوجی ‘ معیشت اور روزگار کے شعبوں میں نمایاں کامیابی کیلئے دیا جاتا ہے ۔ سنگیتا بھاٹیہ کی ٹیم نے مصنوعی جگر کی تیاری سے نئی راہیں کھولی ہیں ۔