یروشلم۔ 27؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستانی نژاد 27 سالہ اسرائیلی فوجی غزہ پٹی کی سرحد کے قریب مارٹر شیل کے حملہ میں ہلاک ہوگیا جب کہ اسرائیل انسانی بنیادوں پر اقوام متحدہ کی درخواست پر جنگ بندی کی وجہ سے فائرنگ بند کئے ہوئے تھا۔ فرسٹ کلاس سرجنٹ بارک رافیل ڈیگورکر جو قصبہ گیان یان کا متوطن ہے، مارٹر کی فائرنگ میں شدید زخمی ہوگیا تھا اور بعد ازاں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ اسرائیلی فوج کے بموجب ڈیگورکر انجینئرنگ کور کے محفوظ سپاہیوں میں سے تھا جو دیگر فوجیوں کے ساتھ اجتماع کے مقام پر کبٹز میں سیدوت نیگیف علاقائی کونسل کے اجلاس میں شریک تھا جب کہ یہ حملہ ہوا۔ مہلوک سپاہی کے رشتہ داروں نے کہا کہ اس کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔ وہ بین اسرائیل برادری کا تھا اور ممبئی علاقہ کا متوطن تھا۔ اس کے ایک اشکبار رشتہ دار نے کہا کہ وہ غزہ پٹی سے داغے ہوئے مارٹر حملہ کا شکار ہوگیا۔