ہندوستانی مچھیروں کی ضبط شدہ کشتیوں کی نیلامی

سری لنکائی بحریہ کے اقدام کی رامڈوس کی جانب سے مذمت ، معاوضہ کا مطالبہ
ترچراپلی ۔ 19 ۔ ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پی ایم کے لیڈر رامڈوس نے آج ان رپورٹس کی زبردست مذمت کی جہاں انہیں یہ اطلاع ملی تھی کہ سری لنکائی حکومت ہندوستانی مچھیروں کے قبضہ سے ضبط کی گئی کشتیوں کا نیلام کررہی ہے ۔ ر امڈوس نے کہا کہ سری لنکائی حکومت کے اس اقدام نے ہندوستانی مچھیروں کو صدمہ پہنچایا ہے ۔ ایک بیان جاری کرتے ہوئے رامڈوس نے کہا کہ کشتیوں کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے ان کی دیکھ بھال نہیں کی جارہی تھی اور انہیں یوں ہی کھلے سمندر میں چھوڑ دیا گیا تھا ۔ علاوہ ازیں سری لنکائی بحریہ کے ارکان بھی کشتیوں کو نقصان پہنچانے میں پیش پیش رہے کیوں کہ وہ انہیں دوسری کشتیوں کے ذریعہ ٹکریں دیا کرتے تھے اور اپنے وزنی جوتوں کا کشتیوں پر استعمال کرتے تھے ۔ اب تک بحریہ نے ہندوستانی مچھیروں کی 72 کشتیاں ضبط کی ہیں ۔ اب ایک نئی پالیسی کے مطابق سری لنکائی حکومت مچھیروں کو تو رہا کررہی ہے لیکن کشتیوں کو ضبط کیا جارہا ہے۔