ہندوستانی مسلمانوں کا ویژن میں اہم رول : امریکہ

نئی دہلی ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں امریکہ کے سینئر رچرڈ ورما نے آج ہندوستانی مسلمانوں کو ہند ۔ امریکہ مشترکہ ویژن و اقدار پر پیشرفت کیلئے کلیدی اہمیت کے حامل قرار دیا۔ مسٹر رچرڈ ورما یہاں انڈین اسلامک کلچرل سنٹر (آئی آئی سی سی) کے ایک ٹاؤن ہال سے خطاب کررہے تھے، جس میں ملک کے سرکردہ اسلامی علماء، ماہرین تعلیم اور ابھرتے ہوئے صنعتکار و بزنس مین نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہند ۔ امریکی تعلقات کا مستقبل انسانی (قوت افرادی) سرمایہ پر منحصر ہے جس میں آپ (مسلمانوں) کی خدمات اور مواقع اس کی ترقی و پیشرفت میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں‘‘۔ امریکی سفارتخانہ سے جاری ایک بیان میں یہ اعلان کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہیکہ مسٹر رچرڈ ورما نے مختلف مسلم طبقات کی نمائندگی کرنے والے 50 سے زائد افراد سے ایک گھنٹہ تک تبادلہ خیال کیا۔ ان میں علماء، ماہرین تعلیم، صنعتکار، بزنس مین اور دوسرے شامل تھے۔ اس اجتماع سے ہند ۔ امریکی تعلقات میں عوام سے عوام کی سطح پر رابطہ کا عملی مظاہرہ ہوا۔ مسٹر ورما نے ہند ۔ امریکی تعاون میں موجودہ چار وسیع شعبوں کی نشاندہی کی جو صاف ستھری توانائی و ماحولیات، ترقی، صحت و سائنس، معیشت، تجارت دفاع اور سلامتی شامل ہیں۔