نئی دہلی ۔22جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے افغان پارلیمنٹ پر آج ہوئے حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کو انتہائی نچلی سطح کی اور بزدلانہ حرکت قرار دیا اور یقین دلایا کہ ہندوستان مصیبت کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا ۔صدر کانگریس سونیا گاندھی نے بھی خودکش دہشت گرد حملے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ ایک اور گہناؤنی کوشش ہے تاکہ جمہوری طاقتوں کو غیر اہم بنادیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بلکہ درحقیقت پوری ہندوستانی قوم افغان عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے پُرزور انداز میں کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی بزدلانہ حرکت جمہوری طاقتوں کی حوصلہ شکنی نہیں کرسکتی ۔