ہندوستانی فضائیہ بحران کا شکار، امریکی تھنک ٹینک

واشنگٹن ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے اعلیٰ سطحی تھنک ٹینک کے مطابق ہندوستانی فضائیہ اب پاکستان اور چین کی بڑھتی ہوئی طاقت کے بعد بحران کا شکار ہے۔ چین اور پاکستان دو ایسے ملک ہیں جو اپنی فضائیہ کو ہر گذرنے والے دن کے ساتھ عصری روپ دے رہے ہیں جبکہ حکومت ہند کو اس ’’شعبہ‘‘ میں خصوصی توجہ دیتے ہوئے اسے اپنی ’’ترجیحات‘‘ میں شامل کرنا چاہئے۔ کارنیگی انڈومنٹ فار انٹرنیشنل پیس کے مصنف ایشلی ٹیلیز جو ہندوستان اور جنوبی ایشیائی امور کے ماہر تصور کئے جاتے ہیں اور جہاں ہندوستان کے علاوہ جنوبی ایشیاء کی حکومتیں بھی ان سے صلاح و مشورہ کرتی ہیں، انتہاہی انداز اپناتے ہوئے کہا ہیکہ ہندوستانی فضائیہ کا اب وہ دبدبہ باقی نہیں رہا کیونکہ ہندوستان کے دو پڑوسی ممالک اپنی اپنی فضائیہ کو انتہائی سرعت کے ساتھ ترقی کے راستے پر لے جارہے ہیں۔ مین فولڈ ٹروایلس آفس دی انڈین ایرفورس کے عنوان سے 60 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا اور یہ اعتراف بھی کیا گیا کہ ہندوستانی فضائیہ کے پاس حالت جنگ میں اپنے دشمنوں کے دانت کھٹے کردینے کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔