Sparkle-2015 کے ونرس کا اعلان ، ڈاکٹر آر اے مشیلکر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ڈاکٹر آر اے مشیلکر ہیڈ انویشن کونسل ، کے پی آئی ٹی نے نیشنل ڈیزائن اینڈ ڈیولپمنٹ انویشن مقابلہ Sparkle-2015 میں اسٹارٹ اپس پر اختراعی نظریات پیش کرنے اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے چند ہندوستانی طلبہ کی صلاحیتوں پر خوشی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ sparkle ہندوستان بھر کے باصلاحیت انجینئرنگ طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے تاکہ وہ مسابقت اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبہ کے نظریات سے متاثر ہوئے ہیں ۔ یہ نظریات انوکھے ہیں اور مسائل کو حل کرنے والے ہیں ۔ KPIT کی جانب سے جو کہ ایک گلوبل ٹکنالوجی کمپنی ہے اور پراڈکٹ انجینئرنگ اور آئی ٹی کنسلٹنگ میں اسپیشلائزیشن رکھتی ہے ۔ Sparkle-2015 کے ونرس کا اعلان کیا گیا جس کا انعقاد کالج آف انجینئرنگ پونے کے تعاون و اشتراک سے کیا گیا ۔ اس مقابلہ کو منعقد کرنے کا مقصد سائنس اور انجینئرنگ طلبہ میں اختراعی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے تاکہ ٹرانسپورٹیشن اور توانائی کے شعبوں کے چیالنجس سے نمٹا جاسکے ۔ اس مقابلہ میں ہندوستان کی 17 ریاستوں کے زائد از 114 کالجس کے 1100 سے زائد طلبہ سے 424 مختلف آئیڈیاز موصول ہوئے ۔ سائنس اینڈ ٹکنالوجی کے میدان کی ممتاز شخصیتوں پر مشتمل جیوری نے ان نظریات کے لیے جج کے فرائض انجام دئیے ۔ سداگنگا انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ، ٹمکور ، کرناٹک کو ان کی اختراع کے لیے 10 لاکھ روپئے کا گرانڈ پرائز ( پلاٹینم ایوارڈ ) حاصل ہوا ۔ کالج آف انجینئرنگ ، پونے کی ٹیم کو 5 لاکھ روپئے کا گلوبل ایوارڈ حاصل ہوا ۔۔