اسلام آباد ۔7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سیالکوٹ سرحد کے قریب ہندوستانی شلباری پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور نواز شریف کی پی ایم ایل (ن) حکومت سے خواہش کی ہیکہ وہ ہندوستانی افواج کی جانب سے کی جارہی شلباری کا یا تو منہ توڑ جواب دے یا پھر اس کی روک تھام کرے۔ اخبار ڈان نے پی پی پی کی نائب صدر و سینئر شیری رحمان کے ایک بیان کا حوالہ دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سیالکوٹ سیکٹر مسابقتی علاقہ میں نہیں آتا لہٰذا وہاں فائرنگ کے واقعہ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ شیری رحمن نے مزید کہا کہ پاکستان کو یہ رپورٹس بھی مل رہی ہیں کہ ہندوستانی افواج کی جانب سے کی جانے والی شلباری سے پاکستانی علاقہ میں کئی انفراسٹرکچر اور مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جس طرح اپنی طاقت اور جارحیت کا مظاہرہ کررہا ہے یہ دونوں ہی ممالک کیلئے ضرر رساں ثابت ہوگا۔