ہندوستانی خواتین کو آج بھی اہم فیصلے کرنے کا اختیار نہیں: کوفی عنان

نئی دہلی۔/7فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل اور نوبل انعام یافتہ کوفی عنان نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں آج بھی خواتین کو کسی اہم فیصلے کا حق نہیں دیا جاتا جس کا راست اثر ان کی زندگی پر مرتب ہوتا ہے۔ نئی دہلی میں14ویں سٹینبل ڈیولپمنٹ سمیٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور دیگر ممالک میں زبردست ترقی کے باوجود آج بھی جنس کی بنیاد پر امتیازی رویہ کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاسکا اور سماجی مساوات کے لئے آج بھی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں آج بھی خواتین کو اہم فیصلے کرنے کا حق نہیں دیا جاتا جس سے ان کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین اور لڑکیاں کسی بھی سماج کی ترقی کا اہم حصہ ہوتی ہیں لہذا یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ہر سطح پر خواتین اور مردوں کے درمیان روابط کو بہتر بنانے خود کو وقف کردیں۔ انہوں نے تعلیمی میدان میں جنسی بنیاد پر پائے جانے والے امتیاز کو ختم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد ممالک میں خواتین کو تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں جنسی تشدد بھی شامل ہے۔ مذکورہ سمیٹ میں وزیر خارجہ سلمان خورشید بھی موجود تھے۔