احمد آباد۔7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) آج پور بند کے ہندوستانی بحریہ کے فوجی اڈے پر فائرنگ کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاع وصول ہوئی تھی لیکن بعدازاں یہ خبر جھوٹی ثابت ہوئی۔ فوج نے پورے علاقے کی مکمل طور پر تلاشی لی۔ اس کے بعد پتہ چلا کہ یہ اطلاع جھوٹی تھی۔ پوربند ر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ترون کمار دُگل نے کہا کہ انہیں آج صبح چوکی داروں میں سے ایک کی شکایت وصول ہوئی تھی کہ پوربندر میں بحریہ کے فوجی اڈے پر فائرنگ کی آوازیں سنائی دی گئی ہیں۔ یہ آوازیں مبینہ طور پر اڈے کے مواصلاتی کمرے میں سنائی دی گئی تھیں۔ پورے علاقے کی اور بحریہ کے فوجی اڈے کی تقریباً تین گھنٹے تک تلاشی لی گئی۔ بعدازاں یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔ اس بات کی بھی تردید کردی گئی ہے کہ بحریہ کے اڈے پر دھماکوں کی آواز ہوئی تھی۔ پوربندر شہر گجرات کے ساحل پر واقع ہے جہاں پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں سرجیکل حملے کے بعد سخت چوکسی اختیار کی گئی تھی۔ ہندوستانی ساحلی محافظین، بحریہ اور گجرات کی ساحلی پولیس نے ساحل پر حفاظتی انتظامات میں اور انگرانی میں شدت پیدا کردی ہے۔ پوربندر کے علاوہ دیگر ساحلی اضلاع کو بھی چوکی کی ہدایت دی جاچکی ہے۔