چار لاپتہ ،معمول کی مشق کے دوران وشاکھاپٹنم سمندر میںحادثہ
حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) وشاکھاپٹنم کے سمندر میں آج ہندوستانی بحریہ کا ایک جہاز غرقاب ہوگئی جس میں ایک ملاح ہلاک ہوگیا اور دیگر چار لاپتہ ہیں۔ بحریہ کی مشق کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ 23 افراد کو بچالیا گیا ہے اور لاپتہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ رات 8 بجے پیش آئے اس واقعہ کے وقت جہاز میں 28 افراد سوار تھے۔ یہ جہاز معمول کی مشق کے دوران فلٹ جہازوں سے داغے گئے ٹورپیڈو کو واپس لانے کی مشن پر تھا۔ لیکن اس کے ایک کمپارٹمنٹ میں پانی داخل ہوگیا ۔ بچاو کاری کے دوران ایک ملاح ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر چار لاپتہ ہیں۔دہلی میں بحریہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دیگر 23 لاپتہ عملے کے ارکان کو بچالیاگیا ہے ۔ بحریہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس جہاز میں سیلاب کا پانی اس وقت داخل ہوا مشق کے دوران ڈمی ٹور پیڈو حاصل کرنے کے بعد واپس ہورہا تھا۔ ویزاک بندرگاہ سے 10 تا 15 کیلو میٹر کی دوری پر یہ حادثہ پیش آیا ۔ وشاکھاپٹنم میں بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ جہاز پانی داخل ہونے کی وجہ غرقاب ہوگیا ۔ اس جہاز کی لمبائی 23 میٹر اور چوڑائی 6.5 تھی۔ اسے 1983 میں گوا کے شپ یارڈ میں تیار کیا گیا تھا۔ ہندوستانی بحریہ میں گذشتہ 31 سال سے اسے استعمال کیا جارہا تھا۔ اس طرح کا واقعہ گذشتہ سال بھی پیش آیا تھا۔ بحریہ کے سربراہ اڈمیرل آر کے دھون نے اسی سال 17 اپریل کو عہدہ کا جائزہ لیا تھا۔ بحریہ میں سلسلہ وار حادثات کے باعث ان کے جانشین ڈی کے جوشی نے استعفی دیا تھا۔