ایسے سسٹم کی قدر زیادہ نہیں، پاکستان کو فرق نہیں پڑتا: خالد قدوائی
اسلام آباد۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے پاس ہندوستان کے عصری بالسٹک میزائل ڈیفنس سسٹم کے موثر کفایتی حل موجود ہیں اور وہ اس کے نیوکلیائی قابلیت والے آبدوز کا جواب بھی ڈھونڈ نکالے گا۔ ایک میڈیا رپورٹ میں آج ملک کے ا علی اسٹرٹیجک ادارے کے ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے یہ بات کہی۔ نیشنل کمانڈ اتھاریٹی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) خالد قدوائی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کو ہندوستانی سسٹم سے کچھ فرق نہیں پڑتا کیوں کہ اس کے پاس معقول جوابی حل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسے ڈیفنس سسٹم کی تیاری میں ہندوستان کی تقلید نہیں کرے گا کیوں کہ اس کا ماننا ہے کہ اس طرح کے سسٹم کی افادیت کم ہے۔ لیکن ہندوستان کی چالوں کے سبب عدم توازن کو زائل کرنے کے لیے وہ ضروری کوششیں کرتا رہے گا۔ S-400 میزائل سسٹم کے لیے ہند۔روس معاملت کے تناظر میں قدوائی نے کہا کہ ہندوستان ہمہ رخی بالسٹک میزائل ڈیفنس سسٹم پر زائد از ایک دہے سے کام کررہا ہے۔