ہزاروں افراد ملک واپسی کیلئے مجبور ، کمسن بچوں کو امریکی شہریت کے باو جود والدین کا قیام دشوار
حیدرآباد۔25مارچ(سیاست نیوز) امریکہ میں H1B ویزا پر موجود ہندستانی شہریو ںکے لئے مصیبت کا دور چل رہا ہے اور وہ امریکہ چھوڑ کر ملک واپسی کیلئے مجبور ہونے لگے ہیں کیونکہ انہیں اپنے ویزا میں توسیع کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ہندستانی انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے ویزا کی توسیع کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے باوجود کسی قسم کی کوئی راحت نہ ملنے کے سبب گذشتہ تین ماہ کے دوران ہزاروں ہندستانی نوجوان جو کہ H1B ویزا پر امریکہ کے مختلف شہروں میں مقیم تھے انہیں ملک واپس ہونا پڑ رہا ہے اور وہ نوجوان جو ملازمت کے ساتھ وہا ں اپنے اہل و عیال کے ہمراہ زندگی گذار رہے تھے اور اب ان کے اپنے امریکی شہریت رکھنے والے بچے ہیں اس کے باوجود بھی انہیں امریکہ سے واپس ہونا پڑ رہا ہے کیونکہ جب والدین کے ویزوں میں توسیع نہیں ہو رہی ہے تو ان کیلئے اپنے بچوں کے ساتھ ملک واپس ہونا سب سے بڑا چیالنج بنا ہوا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ گرین کارڈ کے لئے درخواست داخل کرنے والوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ ہندستانی شہریوں کو جو گرین کارڈ کیلئے 10سال کی مدت لگ رہی ہے آئندہ بھی بھی یہی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے اور H1B ویزوں کی توسیع کیلئے داخل کی جانے والی درخواستوں کو مسترد کئے جانے کے سبب ہندستانی نوجوانوں میں بے چینی کی کیفیت پائی جانے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ان نوجوانوں کو ملک واپسی کے لئے علاوہ کوئی راہ نظر نہیں آرہی ہے کیونکہ وہ امریکہ میں ویزا میں توسیع کے بغیر رہ نہیں سکتے تو انہیں دوسری ملازمت اختیار کرنی پڑے گی اور دوسری ملازمت اختیار کرنے کے بعد ان کا قانونی موقف بھی کمزور ہوجاتا ہے اسی لئے ہزاروں نوجوان جو کہ اپنے ویزوں کی توسیع کی کوشش کر رہے ہیں وہ RFE کیلئے بھی درخواستیں داخل کر رہے ہیں لیکن ان درخواستوں کو بھی مسترد کیا جانے لگا ہے جو کہ ہندستانی نوجوانوں کیلئے تکلیف کا سبب بننے لگا ہے۔ ہندستانی نوجوان جو کہ امریکہ میں موجود ہندستانی آئی ٹی کمپنیو ںمیں خدمات انجام دے رہے ہیں وہ اپنے مستقبل کے متعلق فکرمند نظر آرہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ یہی صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں بحران کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ USCISکے مطابق جاریہ دہائی میں یعنی سال 2010سے سال 2017کے آخر تک 20لاکھ 20ہزار ہندستانیوں نے درخواستیں داخل کی ہیں جبکہ جاریہ سال کے دوران اب تک 8ہزار 742ویزوں کی توسیع کی درخواستیں مسترد کی جاچکی ہیں اور ان میں سے بیشتر نوجوانوں کو ملک واپس ہونے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ ہندستانی نوجوانوں کی جانب سے داخل کی جانے والی درخواستوں کو مسترد کئے جانے کے عمل کے سبب اب امریکہ میں ملازمت کر رہے نوجوانوں میں بے چینی پیدا ہونے لگی ہے کیونکہ امریکہ میں حکومت کی تبدیلی کے بعد سے اس بات کے اشارے دیئے جارہے تھے لیکن اب H1B ویزوں کی توسیع کے عمل کو مختلف طریقوں سے مشکلات کا شکار بنا دیا گیا ہے اور درخواستوں کو مسترد کیا جانے لگا ہے تو نوجوانوں کی تشویش میں اضافہ ہوتا جا رہاہے ۔