ہندوستانیوں کو اپنی پیدائش پر شرمندگی کے وزیراعظم کے تبصرہ کی مذمت

لکھنؤ ؍ امیتھی ؍ گوہاٹی ۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی کے اس تبصرہ کی شدت سے مذمت کی کہ ماضی میں ہر شخص ہندوستان میں پیدا ہونے پر شرمندگی محسوس کرتا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہیں اپنے ہندوستانی ہونے پر فخر ہے۔ ان کے الزامات دہراتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ’’سوٹ بوٹ کی سرکار‘‘ غریبوں اور کاشتکاروں کی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار رو رہے ہیں کیونکہ ژالہ باری سے ہونے والے نقصان کا معاوضہ انہیں نہیں ملا ہے۔ زرعی پیداوار کی مناسب قیمت حاصل نہیں ہورہی ہے اور جب وہ کھادیں طلب کرتے ہیں تو انہیں لاٹھیاں ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدبختی سے (این ڈی اے) حکومت صنعتکاروں کی منتخبہ ہے۔ یہ سوٹ بوٹ کی سرکار ہے۔ ضلعی چوکسی اور نگرانکار کمیٹیوں کے اجلاس میں جو ان کے انتخابی حلقہ امیتھی میں منعقد کیا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ تمام نمائندوں نے اپنے مسائل اٹھائے تھے لیکن ان پر غلط رویہ کا الزام عائد کیا گیا۔ اسکیمس کیلئے مختص رقموں میں کمی کردی گئی۔

یو پی اے حکومت کی فلاحی اسکیموں کو برخاست کردیا گیا تاکہ کاشتکاروں کو نقصان پہنچایا جاسکے۔ قبل ازیں راہول گاندھی نے اپنے دورہ کے تیسرے اور آخری دن عوامی نمائندوں سے شکایت وصول کی جس میں کہا گیا تھا کہ مرکزی حکومت ان سے تعاون نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امیتھی کو نظرانداز کیا جارہا ہے چاہے وہ فوڈ پارک کے قیام کا معاملہ ہو یا دیگر ترقیاتی اسکیمیں مرکز تعاون نہیں کررہا ہے بلکہ رکاوٹیں پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے قبل ازیں کہا تھا اور آج پھر کہتے ہیں کہ فوڈ پارک کے سلسلہ میں بھی یہی ہوا ہے۔ بعدازاں ان کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جگت راج تیواری نے کہا کہ نائب صدر کانگریس نے گذشتہ 5 سال میں وزیراعظم کی اسکیم کے تحت کئے ہوئے تمام کاموں کی تحقیقات کروانے کی ہدایت دی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی جو گوری گنج کے نمائندہ ہیں، مہیش سنگھ نے اجلاس میں اپنے حلقہ کے مسائل پیش کئے اور الزام عائد کیا کہ امیتھی کو بے شک نظرانداز کیا جارہا ہے۔

انہوں نے اس کیلئے جدوجہد کا اعلان کیا۔ گوہاٹی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی کے ہندوستانیوں کے اپنی پیدائش پر شرمندہ ہونے کے تبصرہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی جیسا شخص ہمارا وزیراعظم ہونا ہندوستان کیلئے ایک عذاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ممکن ہیکہ ہندوستانی ہندوستان میں پیدا ہونے پر خود کو کوستے ہوں گے لیکن اب مودی جیسا وزیراعظم حاصل ہونے پر خود کو کوس رہے ہیں کیونکہ مودی وزیراعظم سے زیادہ ایک عذاب ہے۔ کانگریس کمیٹی کی ترجمان شرمستا مکرجی نے ایک پریس کانفرنس میں یہ تبصرہ کیا۔ انہوں جنے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ دورچین کے موقع پر اروناچل کا متنازعہ سرحدی مسئلہ اٹھانے سے قاصر رہے۔ وہ صرف سلفیوں میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ کا مطلب یہ ہیکہ ہر ہندوستانیوں پر مزید بوجھ تاہم وزیراعظم نے اپنے بیرونی دوروں سے ہندوستانیوں کیلئے کچھ بھی حاصل نہیں کیا۔