تیاری کے شعبہ کو فروغ، صارفین کی مانگ میں اضافہ، لگاتار تیسرے سال اطمینان بخش مانسون
نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گھریلو کھپت مضبوط ہے جس کے نتیجہ میں وہ بیرونی راست سرمایہ کاری کیلئے بدستور ترجیحی طور پر پسندیدہ مقام رہے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ زراعت اور خدمات جیسے دونوں ہی شعبوں کی مدد سے صنعتی تیاری و پیداوار کے شعبہ کو چونکہ غیرمعمولی فروغ حاصل ہورہا ہے اس ملک میں صارفین کی طلب میں بھاری اضافہ برقرار ہے جس کے نتیجہ میں سرمایہ کاری کیلئے ہندوستان بدستور ایک پسندیدہ اور پرکشش مقام بنا ہوا ہے۔ ہندوستان کو 2017-18ء میں 37.3 ارب ڈالر سرمایہ کاری بھاؤ حاصل ہوا تھا جبکہ اس سے پہلے کے مالیاتی سال میں یہ سرمایہ 36.3 ارب امریکی ڈالر تھا۔ 2015-16ء میں ملک کو 36.00 ارب امریکی ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری حاصل ہوئی تھی۔ لگاتار تیسرے سال معمول کے مطابق مانسون اور اطمینان بخش بارش سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ گھریلو اور برآمد کے آرڈرس کے ضمن میں نئے کاروبار کے سہارے تیاری کی سرگرمیوں کو بھی غیرمعمولی تقویت ملی ہے۔ خدمات کے شعبہ میں ترقی سے روزگار کے موقعوں کو وسعت حاصل ہورہی ہے۔ چنانچہ ملازمین کی مانگ میں اضافہ کی پیش قیاسی بھی کی جارہی ہے۔