نئی دہلی 10دسمبر (یو این آئی) آل انڈیا حج سیوا سمیتی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہندستانی عازمین حج کا کوٹہ بڑھایا جائے ۔سمیتی کے صدر حافظ نوشاد احمد اعظمی نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے کہا کہ وہ اس رخ پر سنجیدگی اختیار کریں کیونکہ ڈھائی لاکھ ہندستانی عازمین نے جہاں حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ سفر حج کی خواہش ظاہر کی ہے وہیں حج کوٹہ ایک لاکھ 28 ہزار کا ہے ۔مسٹر اعظمی نے جو مرکزی حج کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں ، حکومت کی توجہ حرم شریف کی توسیع کی تکمیل کی طرف بھی مبذول کرائی اور کہا کہ یہ ہندستانی حج کوٹہ بڑھوانے کی مانگ سعودی حکومت کو پیش کرنے کا بہترین موقع ہے ۔ انہوں نے یاد دلا کہ 2008 میں 25000 کوٹہ بڑھوایا گیا تھا اور 2018 میں صرف 5000 کا ہی اضافہ ہوسکا جو انتہائی ناکافی ہے ۔مسٹر اعظمی نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت ہند کی طرف کوٹے میں اضافے کی کوشش کی گئی تو سعودی حکومت اسے بڑھا سکتی ہے کیونکہ حرم میں توسیع کی تکمیل کے بعد اب بظاہر کوئی رکاوٹ نہیں رہ گئی ہے ۔