کوالالمپور۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ان کا ملک دنیا بھر میں اسلامی نصب العین (کاز) کا پاسدار ہے۔شاہ سلمان کوالالمپور میں میزبان ملک کے شاہ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں تقریر کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ مملکت سعودی عرب اسلامی نصب العین کا محافظ و پاسدار ہے اور ہم آپ کے ملک کے ساتھ مل کر مسلمانوں کو درپیش کسی بھی ایشو میں معاونت کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہیں‘‘۔ خادم الحرمین الشریفین اپنے ایک ماہ کے طویل غیرملکی دورے کے پہلے مرحلے میں اتوار کو کوالالمپور پہنچے تھے۔یہ کسی سعودی شاہ کا ایک عشرے سے زیادہ عرصے کے بعد ملائشیا کا پہلا دورہ ہے۔وہ ملائشیا کے بعد پڑوسی ملک انڈونیشیا ،برونائی دارالسلام ،جاپان ،چین ،مالدیپ اور اردن جائیں گے اور ان ممالک کے لیڈروں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔