نئی دہلی ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج باہمی رضامندی سے ہم جنس پرستی یا بدفعلی کو جرم کے دائرہ سے ہٹا دینے والے سپریم کورٹ کے فیصلہ کی ستائش کرتے ہوئے اسے اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام آزاد خیال اور روادار سوسائٹی کی سمت پیشرفت ہے۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے کہاکہ صدیوں قدیم سامراجی قانون آج کے عصری دور میں نراج کے مترادف تھا اور آج کے فیصلہ نے باہمی حقوق بحال کردیئے اور جنسی خواہش کی بنیاد پر امتیاز کی نفی کردی ہے۔ سپریم کورٹ کا سیکشن 377 پر فیصلہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ چیف جسٹس دیپک مشرا کی قیادت میں دستوری بنچ نے سیکشن 377 کو غیرمنطقی، ناقابل دفاع اور من مانی قرار دیا ہے۔