ہم ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کے بہت قریب :امریکہ

واشنگٹن ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کا کہنا ہیکہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کے بہت قریب ہیں جس سے دنیا کو مزید محفوظ بنانے میں مدد ملے گی، اْدھر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہیکہ پابندیوں کے خاتمے کے لیے ایران حساس ایٹمی معاملے پر شفافیت کا مظاہرہ کریگا۔اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کہیں بھی ایٹمی ہتھیاروں کی موجودگی کے حق میں نہیں، اگر امریکہ اور اتحادی ممالک ایران کے ساتھ مذاکرات کی حدود کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو ایٹمی ہتھیاروں کے لئے خام مال کی رسائی کے تمام راستے نہ صرف بند کئے جاسکتے ہیں بلکہ عالمی برادری کوبھی اعتماد میں لیاجاسکتاہے کہ اس کا ایٹمی پروگرام مکمل پرامن ہے۔دوسری جانب اپنے خطاب میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ نے کہاکہ وہ یہ نہیں کہتے کہ ایران نے ایٹمی ہتھیار تیار کرلئے ہیں لیکن ایران کو معلومات شفاف بنانا ہوں گی۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی جس میں ایٹمی معاملے سمیت دیگر اہم امور زیربحث آئے۔امریکہ اور مغربی ممالک کو ایران کے ایٹمی پروگرام پر شک تھا کہ وہ اس کے بہانے ایٹمی طاقت بن رہا ہے لیکن ایران نے ہمیشہ اس کی تردید کی۔