کیوبک سٹی (کینیڈا) ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اسلاموفوبیا اور تعصب پسندی کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ آج انہوں نے ایک سال قبل کیوبک مسجد پر ہوئے حملہ میں جاں بحق چھ مسلمانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے موقع پر یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیزی اور تعصب پسندی آج کل بالکل عام ہوگئے ہیں اور حیرت کی بات یہ ہیکہ انہیں برداشت بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ منافرت انگیز جرائم ماضی میں کبھی بھی اتنی شدت سے انجام نہیں دیئے گئے جیسے کہ اب دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسجد پر ہوئے حملے میں جاں بحق افراد کو ہم واپس تو لا نہیں سکتے تاہم ہم اس بات کا عزم تو کرسکتے ہیں کہ نفرت کے جس جذبے نے انکی جان لی ہم ایسی سوچ اور منافرت پھیلانے والوں کیخلاف لڑینگے۔ یاد رہیکہ گذشتہ سال 29 جنوری کو نماز عشاء کے بعد ایک بندوق بردار شخص مسجد میں گھس آیا تھا اور وہاں موجود نمازیوں پر اندھادھند فائرنگ کردی تھی۔ چھ افراد کے جاں بحق ہونے کے علاوہ چار ایسے بھی ہیں جو مستقل طور پر معذور ہوگئے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد ہزاروں کینیڈین شہری کیوبک سٹی میں جمع ہوگئے تھے اور مسلمانوں کیساتھ اظہاریگانگت کیا تھا۔ ان میں خود وزیراعظم ٹروڈو پیش پیش تھے۔