ہمدردی ‘ رواداری کی ضرورت، صدرجمہوریہ کا پیام

نئی دہلی ۔31ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ ہند نے آج عوام سے خواہش کی کہ نئے سال میں نیا آغاز کریں ‘ خلوص اور رواداری کا جذبہ پیدا کریں تاکہ پُرامن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر مبنی سماج تخلیق کیا جاسکے ۔ نئے سال سے قبل صدر جمہوریہ نے عوام کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ تازہ آغاز کا اور انفرادی اور اجتماعی ترقی کیلئے عہد کی تجدید کا موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خود میں محبت ‘ خلوص ‘ رواداری کا جذبہ پیدا کرنا چاہیئے اور سب کو ساتھ لیکر چلنے والے سماج کی تشکیل کرنی چاہیئے جہاں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا غلبہ ہو ۔ صدر جمہوریہ ماضی میں بھی بڑھتی ہوئی عدم رواداری کے مسئلہ پر پیغام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ایسی تہذیبی اقدار کا احیاء کیا جائے جو جدید ہندوستان کے پیچیدہ تنوع میں ہم سب کو باندھے رکھتی ہے اور ملک اور دنیا کو ترقی دی جائے ۔ صدر جمہوریہ نے ملک کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور ابنائے وطن سے خواہش کی کہ انسان اور فطرت کے باہمی رشتہ کو علامتی استحکام کے تحفظ کیلئے جدوجہد کریں ۔ سرسبز اورصاف ستھراماحول تیار کریں جو آلودگی سے پاک ہو ۔