10 اور 11 جون کو گلوبل انوسٹرس میٹ کا دھرم شالہ میں انعقاد : چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر
حیدرآباد 31 جنوری ( پی ٹی آئی ) ہماچل پردیش کو امید ہے کہ وہ ریاست میں جملہ 80,000 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری حاصل کر پائیگا ۔ چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر نے یہ بات کہی ۔ چیف منسٹر ہماچل پردیش نے یہاں گلوبل انوسٹرس میٹ کے سلسلہ میں سرمایہ کاروں سے ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا ۔ گلوبل انوسٹرس میٹ کا دھرم شالہ میں 10 اور 11 جون کو انعقاد عمل میں آنے والا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماچل پردیش میں حکومت کو امید ہے کہ ہم وہاں خاصی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے ۔ ہماچل پردیش ایک چھوٹی ریاست ہے اور ہم کوئی بلند بانگ دعوے بھی نہیں کر رہے ہیں۔ ہم زائداز 80,000 کروڑ کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے نشانہ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش میں پہلے کبھی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش نہیں کی گئی تھی ۔ انہیں امید ہے کہ اب جبکہ ایسا کیا جا رہا ہے تو سرمایہ کاروں کا رد عمل بھی حوصلہ افزا رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام ریاستیں حالانکہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مصروف ہیں لیکن ہماچل پردیش میں دوسروں کی بہ نسبت کام کیلئے ماحول بہت اچھا ہے ۔ اس کے علاوہ خانگی سرمایہ سے ریاست کا بھی فائدہ ہوگا۔ ہماچل پردیش سرمایہ کاری کیلئے بہترین مقام ہے کیونکہ یہاں کئی سہولیات دستیاب ہیں۔ یہاں ورک کلچر بہترین ہے ۔ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر ہے اور آلودگی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پالیسیوں میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور سرمایہ حاصل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔