ہلکا بخار اور سانس لینے میں تکلیف سوائن فلو کی علامت

حیدرآباد /2 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے سوائن فلو پر قابو پانے کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہلکا بخار اور سانس لینے میں تکلیف ہوتو اسے نظر انداز نہ کریں ۔ جاریہ موسم کے دوران انفلونزا ویکسن ( ٹیکے ) کی اہمیت ہے ۔ یہ ویکسن سوائن فلو وائرس سے بچانے کیلئے دیا جاتا ہے ۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کے مطابق حیدرآباد سوائن فلو سے 10 اموات ہوئی ہے جبکہ دہلی میں ایک شخص فوت ہوا ہے ۔ گذشتہ سال سے دہلی میں 39 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ سوائن فلو کی علامتوں میں بخار ، کھانسی ، سردی ، گلے میں خراش اور اعضاشکنی ہیں ۔ سوائن فلو پر قابو پانے کیلئے کھانسی اور بخار کا فوری علاج کیا جائے جس شخص کو کھانسی ہے وہ اپنے منہ پر دستی یا کپڑا رکھ لیں اور بار بار ہاتھ دھولیا کریں ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ سردی ہونے پر بار بار اپنے چہرے کو ہاتھ نہ لگائے ، ناک کو گندے ہاتھوں سے صاف نہ کریں ، کسی بھی شخص کو سردی ہوتو اس سے احتیاط برتیں ، مصافحہ نہ کریں ۔