ہر پولیس اسٹیشن میں ایک خاتون آفیسر کی تقرری، سپریم کورٹ کی ہدایت

رانچی۔/7جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) جھار کھنڈ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ ہر پولیس اسٹیشن پر کم از کم ایک خاتون آفیسر کی تقرری عمل میں لائی جائے تاکہ لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کے معاملات نمٹانے میں آسانی ہو۔ خواتین اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ سے متعلق مفاد عامہ کی ایک درخواست پرچیف جسٹس آر بھانو متی اور جسٹس اپریش کمار سنگھ نے ریاستی حکومت کو تملناڈو اور پنجاب ریاستوں کی طرز پر قوانین و ضوابط پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت کی تاکہ خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ کے واقعات رونما نہ ہوں اور وہ خود کو مکمل طور پر محفوظ سمجھیں۔ یہی نہیں بلکہ بنچ نے حکومت کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ لڑکیوں کے تعلیمی اداروں، ہاسٹلس اور لاجس کے اطراف واکناف پولیس طلایہ گردی میں بھی اضافہ کیا جائے۔

قرض کی عدم ادائیگی پر کسان کی خودکشی
مظفر نگر۔/7جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ضلع کے موضع آتروسنہا میں قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ایک کسان نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ متوفی 48سالہ سنجے تیاگی بینک سے حاصل کئے گئے قرض کی رقم کی عدم ادائیگی سے بیحد پریشان تھا۔ بینک عہدیدار اس کے مکان پر کئی بار آچکے تھے اور اسے بار بار قرض کی رقم ادا کرنے کی تلقین کرچکے تھے۔ کل سنجے تیاگی نے گولی چلاکر خودکشی کرلی۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کیا گیا ہے۔ دریں اثناء بھارتیہ کسان یونین ( بی کے یو ) ستیش بھردواج نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شوگر ملز کی جانب سے کسانوں کو تاخیر سے ادا کی جانے والی رقومات کی وجہ سے کسان قرض لینے پر مجبور ہیں اور بعد ازاں پریشانی کی زندگی گذاررہے ہیں اورخودکشی کے واقعات رونما ہورہے ہیں جس کی روک تھام ہونی چاہیئے۔