ہر سال 11 نومبر کو ’ قومی یوم تعلیم ‘ منانے کا مطالبہ

امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد کی خدمات کو بھر پور خراج ، جلیل پاشاہ دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صدر کل ہند اردو تعلیمی کمیٹی مسٹر محمد جلیل پاشاہ نے مرکزی و ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کے موقع پر ہر سال 11 نومبر کو ’ قومی یوم تعلیم ‘ تقاریب کے انعقاد کے علاوہ اردو زبان کی ترقی و ترویج اور اس کی بقاء کے لیے قومی سطح پر ایک جامع پالیسی تیار کرتے ہوئے ملک میں اردو زبان کو تعلیمی نصاب کے اعتبار سے فرسٹ لینگویج کے طور پر تمام اسکولوں اور کالجوں میں رائج کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار وہ آج کل ہند اردو تعلیمی کمیٹی کے زیر اہتمام ایم اے ایم گورنمنٹ ماڈل گرلز جونیر کالج نامپلی آڈیٹوریم میں ’ قومی یوم تعلیم ‘ کے ضمن میں منعقدہ جلسہ عام سے مخاطبت کے دوران کیا ۔ انہوں نے امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد کی سیاسی ، ملی ، ادبی ، تعلیمی خدمات کو بھر پور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد نے ملک کی آزادی کے بعد ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے ملک کے تعلیمی شعبہ اور سائنس و ٹکنالوجی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ مسٹر جلیل پاشاہ نے کہا کہ مولانا ابوالکلام نے اردو زبان کی بقاء اور ترقی کے لیے جو خدمات انجام دیا تھا ملک کے محبان اردو کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے بتایا کہ صرف بڑے بڑے جلسہ یا سمینار منعقد کرنے سے اردو کی ترقی ممکن نہیں ہے بلکہ اردو کی ترقی کے لیے سرکاری طور پر عمل آوری کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ اور اردو کی بقاء کی ذمہ داری سیاسی ، سماجی ، ادبی تنظیموں کے علاوہ محبان اردو پر عائد ہوتی ہے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ووکیشنل آفیسر حیدرآباد و میدک مسٹر راجہ رام سنگھ نے مخاطب کرتے ہوئے مولانا ابوالکلام آزاد کی سیاسی ، سماجی اور ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج شہر حیدرآباد کے علاوہ دیگر شہروں میں اردو بچاؤ تحریکیں چلائی جارہی ہیں لیکن اکثر یہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ اردو میڈیم میں زیر تعلیم طلباء صرف دسویں جماعت تک ہی تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ ترک تعلیم کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں اضلاع حیدرآباد و میدک میں واقع اردو میڈیم جونیر کالجس میں طلباء کی تعداد انتہائی قلیل ہے ۔ پرنسپل اردو ماڈل کالج نامپلی مسٹر سمیع الدین پرنسپل گورنمنٹ جونیر کالج نامپلی شریمتی ایم پشپاوتی لکچرر جونیر کالج نارائن کھیڑ مسٹر میر احمد علی ، لکچرر اردو مسٹر عبدالخالق جونیر لکچرر ہسٹری مسٹر بشارت اللہ شریف لکچرر کیمسٹری مسٹر سید نصیر احمد نے بھی مخاطب کیا ۔ جلسہ کی کارروائی جونیر لکچرار اردو محترمہ کاظم سلطانہ نے چلائی اور جونیر لکچرار ریاضی مسٹر سید عبدالحی نے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر مولانا آزاد میموریل گورنمنٹ گرلز جونیر کالج کی طالبات نے ’ سارے جہاں سے اچھا ‘ قومی ترانہ پیش کیا ۔۔