ہر حکومت عدلیہ پر کنٹرول کی خواہاں اچھا رجحان نہیں ، چلمیشور کا ریمارک

نئی دہلی ، 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ سے سبکدوش جج جسٹس جے چلمیشور کا کہنا ہے کہ ہر حکومت عدلیہ پر کچھ کنٹرول رکھنا چاہتی ہے اور یہ اچھی چیز نہیں ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد چلمیشور نے سی این این نیوز 18 سے خاص بات چیت کی۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے حکومت کی مداخلت سے لے کر عدلیہ میں تقرری جیسے معاملات پر کھل کر اپنی بات رکھی۔ چلمیشور نے کہا کہ ہر حکومت کسی نہ کسی طرح عدلیہ کو کنٹرول کرنے کی خواہاں ہوتی ہے، کوئی بھی حکومت جتنا زیادہ ممکن ہوسکے وہ ملک کی الگ الگ چیزوں پر کنٹرول رکھنا چاہتی ہے۔ چلمیشور نے ججوں کی تقرری میں تاخیر کرنے کی مودی حکومت کی کوشش کو لے کر چیف جسٹس آف انڈیا کو ایک خط بھی لکھا تھا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی لکھا گیا تھا، وہ صحیح تھا۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے جو بھی کہا ہے وہ سبھی حقائق ہیں، ایسا کیوں کیا گیا وہ علحدہ بحث ہے‘‘۔