نئی دہلی ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ملک بھر میں 3 کروڑ افراد بے گھر ہیں اور حکومت بہت جلد ہر ایک کے لیے مکان اسکیم شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ لوک سبھا میں آج یہ اطلاع دی گئی ۔ وزیر شہری ترقیات مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے بتایا کہ تعمیرات امکنہ کی تجاویز بہت جلد منظوری کے لیے کابینہ میں پیش کی جائے گی اور اس کی تفصیلات سے ایوان کو واقف کروایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت سال 2022 تک ہر ایک کے لیے مکان کے عہد پر کار بند ہے ۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ شہری غریبوں کو مکانات کی فراہمی کے لیے حکومت مربوط کوشش کرے گی تاکہ خانگی شعبہ کی شراکت کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے اور ریاستی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ خانگی شعبہ کی شمولیت پر کچھ مراعات فراہم کریں ۔ ضمنی سوالات کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ٹاملناڈو ، مہاراشٹرا اور گجرات کے ماڈلس کا جائزہ لینے کے بعد حکومت کچی بستیوں کی باز آبادکاری و ترقیاتی منصوبہ کو عملی جامہ پہنائے گی ۔ اس خصوص میں ٹاملناڈو کی ستائش کرنے والے انہوں نے بتایا کہ اس ریاست نے شہروں بالخصوص چینائی میں غریبوں کے لیے رہائشی عمارتیں تعمیر کر کے ایک نئی راہ دکھائی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی وزارت بہت جلد مرکزی کابینہ میں ایک منصوبہ منظوری کے لیے پیش کرے گی تاکہ غریب عوام کو زیر قبضہ زمین پر مفت مکان فراہم کئے جاسکیں اور منصوبہ تعمیر نو میں خانگی شعبہ کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں مسٹر وینکیا نائیڈو نے بتایا کہ دیہاتوں میں بھی برقی ، پانی ، آبپاشی اور مکانات کی فراہمی کے لیے ایک طویل مدتی منصوبہ کو قطعیت دیدی گئی اور اس خصوص میں وزارت دیہی ترقیات نے عملی اقدامات شروع کردئیے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بے گھر افراد کو مکانات کی فراہمی پر سپریم کورٹ کی ہدایت کے پیش نظر انہوں نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کا اجلاس طلب کر کے صورتحال کا جائزہ لیا ہے ۔