ہر ایک کو مکان دینے کیلئے تیزی سے کام کیا جائے :وینکیا

نئی دہلی۔28 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )  مرکزی شہری ترقی کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے 2022 ء تک سبھی کو گھر فراہم کرنے کے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے تیزی سے کام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آج کہا کہ اس کیلئے سرمایہ کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ وینکیا نائیڈو نے یہاں قومی شہری ترقی ورکشاپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت شہروں کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی کے عمل میں تیزی لانے کیلئے حوصلہ افزائی کی رقم 500 کروڑ روپے سے بڑھاکر 3000 کروڑ روپے ہر سال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ اس موقع پر مرکزی شہری ترقی کے وزیر مملکت راؤ اندرجیت سنگھ بھی موجود تھے ۔ وینکیا نائیڈو نے بتایا کہ شہروں کے بنیادی ڈھانچے میں پانچ اصلاحات کو تیزی سے نافذ کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کی رقم 500 کروڑ روپے فی سال سے بڑھاکر 3000 کروڑ روپے کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ یہی رقم اگلے تین سال تک دی جائے گی۔ ہر بہتری کی بنیاد پر شہروں کے زمرے تیار کئے جائیں گے اور حوصلہ افزائی کی رقم فراہم کی جائے گی۔ شہروں میں تبدیلی کے عمل میں تیزی لانے کے لئے مرکزی حکومت ریاستی حکومتوں اور یونین کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ ترقی کی پالیسی، میٹرو پالیسی، صاف توانائی کی نقل و حمل کی پالیسی، شہروں کی ذمہ داری اشاریہ اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کرے گی۔