مواضعات میں قراردادوں کی منظوری اور کامیاب بنانے کا عہد، ہر طبقہ کی تائید
حیدرآباد ۔ 17۔ستمبر (سیاست نیوز) کارگزار وزیر آبپاشی ہریش راؤ کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بلا مقابلہ انتخاب کو یقینی بنانے کیلئے سدی پیٹ کے مختلف علاقوں میں عوام کی جانب سے قراردادیں منظور کی جارہی ہیں۔ سماج کے مختلف طبقات اور تنظیموں کی جانب سے بھی متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے ہریش راؤ کے بلا مقابلہ انتخاب کا فیصلہ کیا گیا ۔ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ کی ترقی کیلئے ہریش راؤ کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بلا مقابلہ منتخب کرنے کیلئے مہم شدت اختیار کرچکی ہے ۔ سدی پیٹ کے مختلف علاقوں میں آج بھی متفقہ قراردادوں کی منظوری کا سلسلہ جاری رہا۔ ہر گھر سے ایک شخص نے اس بات کا حلف اٹھایا کہ وہ ہریش راؤ کے متفقہ اور بلا مقابلہ انتخاب کیلئے مساعی کرے گا۔ مختلف طبقات کی جانب سے منظورہ قراردادیں ہریش راؤ کو روانہ کی جارہی ہیں۔ چنا کوڈور موضع میں یادو سنگم کے قائدین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قرارداد منظور کی گئی ۔ یادو سنگم نے ہریش راؤ کو دوبارہ رکن اسمبلی منتخب کرنے ایک ایک ووٹ کے استعمال کرنے کا حلف لیا ۔ ہنومان نگر کے عوام نے قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں ہریش راؤ نے سدی پیٹ کے ہر موضع کی ترقی کے اقدامات کئے ہیں۔ مارکٹ کمیٹی کے صدرنشین سومی ریڈی کی قیادت میں قرارداد منظور کی گئی ۔ ابراہیم نگر میں گوڑ طبقہ کے 300 خاندانوں نے ہریش راؤ کی امیدواری کا خیرمقدم کیا اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے کا حلف لیا۔ گوڑ طبقہ میں ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنانے عوام سے اپیل کی ۔ مختلف مقامات پر ہریش راؤ کی تصویر کو دودھ سے نہلایا گیا۔