ہریش راؤ کی سالگرہ ، ہزاروںحامیوں کی شرکت ،جشن کا ماحول

ہریش راؤ کی مقبولیت کا واضح اظہار، وزراء اور عوامی نمائندے بھی مبارکباد دینے والوں میں شامل

حیدرآباد۔/3جون، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی سالگرہ کے موقع پر آج منسٹر کوارٹرس میں واقع ان کی سرکاری قیامگاہ پر ہزاروں کی تعداد میں حامی امنڈ آئے اور اپنے محبوب قائد کو مبارکباد پیش کی۔ کئی ریاستی وزراء، عوامی نمائندوں اور ٹی آر ایس قائدین کی آمد کا صبح سے آغاز ہوگیا۔ مختلف کلچرل تنظیموں کے نمائندوں نے منسٹرس کوارٹرس پہنچ کر کلچرل پروگرام اور ہریش راؤ کی تعریف میں گیت پیش کئے۔ ہریش راؤ کی قیامگاہ کے روبرو زبردست آتشبازی کی گئی۔ ہریش راؤ کے انتخابی حلقہ سدی پیٹ کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی حامیوں کی کثیر تعداد نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ ہریش راؤ آج صبح جیسے ہی اپنی قیامگاہ سے نکلے انہوں نے مبارکباد دینے کیلئے موجود سینکڑوں حامیوں کی بھیڑ کو چیرتے ہوئے سب سے پہلے ایک معذور خاتون سے ملاقات کی جسے وہیل چیر پر لایا گیا تھا۔ وزیر آبپاشی نے اس خاتون کے مسائل کی سماعت کی اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ ہریش راؤ کے اس جذبہ انسانی سے ہر کوئی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکا۔ ہریش راؤ کا شمار اُن قائدین میں ہوتا ہے جو بنیادی سطح سے پارٹی کارکنوں اور عوام میں مقبولیت رکھتے ہیں۔ ان کی مقبولیت کا اہم راز ان کی ہر ضرورت مند کیلئے مدد کرنا ہے۔ حلقہ انتخاب سے کسی رائے دہندہ کا فون آئے تو وہ اسے ریسیو کرتے ہیں یا پھر اگر مصروفیت میں ہوں تو بعد میں کال کرتے ہوئے حال دریافت کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج سالگرہ کے موقع پر حامیوں اور عوام کا ہجوم اُمنڈ پڑا۔ صبح سے ہی منسٹرس کوارٹرس میں جئے تلنگانہ اور ہریش راؤ زندہ باد کے نعرے گونجنے لگے۔ تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے ہریش راؤ کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے کیلئے مختلف سماجی اور تلنگانہ تحریک سے وابستہ رہے اداروں کے نمائندوں نے بھی مبارکباد پیش کی۔ ہریش راؤ نے ان سے ملاقات کیلئے پہنچنے والے ہر فرد سے شخصی طور پر مبارکباد قبول کی۔ بعض اسکولی طلبہ بھی ہریش راؤ کو مبارکباد پیش کرنے کیلئے پہنچے تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزراء پوچارم سرینواس ریڈی، جگدیش ریڈی، ای راجندر، رکن پارلیمنٹ جی سکھیندر ریڈی، ارکان مقننہ کرشنا ریڈی، اے گاندھی، ایم کرشنا راؤ، چنتا پربھاکر، بابو موہن، بھوپال ریڈی اور دوسروں نے قیامگاہ پہنچ کر مبارکباد پیش کی۔ ہریش راؤ کے حامیوں نے اس موقع پر خصوصی طور پر تیار کردہ کیک پیش کیا جسے ہریش راؤ نے کاٹا۔ ہریش راؤ کی قیامگاہ پر جشن کا ماحول تھا۔ سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے مبارکباد پیش کی جن میں ڈاکٹرس، انجینئرس، لائرس اور ٹیچرس کے وفود شامل ہیں۔ ہریش راؤ نے انہیں مبارکباد پیش کرنے کیلئے دوردراز سے آنے والے قائدین اور حامیوں سے اظہار تشکر کیا۔ہریش راؤ سرکاری پروگرام میں شرکت کیلئے دوباک روانہ ہوگئے۔