ہریش راؤ نے گجویل سڑک حادثہ کے زخمیوں کی عیادت کی

سرکاری خرچ پر علاج ،مہلوکین کے ورثاء کو حکومت سے 5 لاکھ اور آر ٹی سی سے 2 لاکھ کا ایکس گریشیا

حیدرآباد۔/27مئی، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے سدی پیٹ ضلع کے گجویل منڈل میں کل پیش آئے بھیانک سڑک حادثہ کے زخمیوں کے یشودھا ہاسپٹل سکندرآباد میں موثر علاج کا انتظام کیا ہے۔ ہریش راؤ نے آج ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کے علاج کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ انہوں نے ڈاکٹرس سے ملاقات کرتے ہوئے علاج کے بارے میں استفسارات کئے اور کہا کہ علاج کا مکمل خرچ حکومت برداشت کرے گی۔ حکومت نے مہلوکین کے پسماندگان کیلئے پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وہ زخمیوں کے علاج کے سلسلہ میں وقتاً فوقتاً معلومات حاصل کرتے رہیں گے۔ اسی دوران گجویل سڑک حادثہ کے بعض زخمیوں کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے دورہ کرتے ہوئے معلومات حاصل کی۔ وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کی ہدایت پر ڈائرکٹر ہیلت رمیش ریڈی، گاندھی ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شراون کمار نے علاج کی سہولتوں کے بارے میں مسلسل نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر لکشما ریڈی نے بتایا کہ زخمیوں کی منتقلی کے ساتھ ہی خصوصی ایمرجنسی وارڈ میں 50 ڈاکٹرس اور دیگر میڈیکل عملے زخمیوں کا علاج شروع کیا اور کئی زخمیوں کی حالت خطرہ سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ڈاکٹر رمیش ریڈی نے گاندھی ہاسپٹل کا دورہ کیا اور زخمیوں کے علاج کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ اسی دوران وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے بھی گاندھی ہاسپٹل پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور آر ٹی سی کی جانب سے مہلوکین کے پسماندگان کو 2 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ زخمیوں کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ اسی دوران سڑک حادثہ میں مہلوکین کی تعداد 13 ہوگئی ہے آج صبح نرسمہلو نامی ایک زخمی علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا۔ کل شام سدی پیٹ کے گجویل منڈل میں قومی شاہراہ پر 4 گاڑیوں کے تصادم کا واقعہ پیش آیا تھا۔ حادثہ اسوقت پیش آیا جب کریم نگر جانے والی منچریال ڈپو کی بس اُلٹ گئی اور بیک وقت چار گاڑیاں حادثہ کا شکار ہوگئیں۔