چیف منسٹر تلنگانہ کے فرزند کے ٹی آر کے سیاسی کیرئیر کو بچانے کے سی آر پر الزام
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائد و رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر اپنے فرزند کے ٹی آر کے سیاسی کیرئیر کے لیے خطرہ ثابت ہونے والے وزراء ہریش راؤ ، کڈیم سری ہری اور ایٹالہ راجندر کو اسمبلی کے بجائے پارلیمنٹ روانہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لیے پون کلیان کو مہرہ کی طرح استعمال کیا جارہا ہے ۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس میں کچھ کچھ نہیں بلکہ سب کچھ ٹھیک ٹھاک نہیں چل رہا ہے ۔ گردش میں رہنے والی ٹی آر ایس کو اپنوں سے زیادہ خطرہ ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر اپنے فرزند کے ٹی آر کے لیے خطرہ ثابت ہونے والوں کو اسمبلی کے بجائے پارلیمنٹ کو روانہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں تاکہ یہ قائدین بغاوت نہ کرسکے ۔ ہریش راؤ ، ایٹالہ راجندر اور ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کو ایم پی ٹکٹ دے کر پارلیمنٹ روانہ کریں گے ۔ وزارت کی لالچ میں تلگو دیشم سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ای دیاکر راؤ اپنا حلقہ چھوڑ کر جنگاؤں میں مقابلہ کریں گے ۔ جب کہ ٹی کرشنا ریڈی کو ٹکٹ سے محروم کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ۔ تلگو دیشم ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے علاوہ دوسری جماعتوں سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی میں 90 فیصد ارکان اسمبلی کو اس مرتبہ ٹکٹ سے محروم کردیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے سی آر انہیں ہی ٹکٹ دیں گے جن سے کے ٹی آر کو کوئی خطرہ نہیں رہے گا ۔ ٹی آر ایس میں سوائے چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی آر کے باقی سب ناراض ہیں ۔ پارٹی گروپ بندیوں میں تقسیم ہوچکی ہے ۔ دوسری جماعتوں سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ دوسرے قائدین کو ٹی آر ایس کا کیڈر ابھی تک قبول نہیں کیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں ہے ۔ اگر تلگو دیشم تلنگانہ میں کانگریس سے اتحاد کرتی ہے تو اس کے چند ارکان اسمبلی کامیاب ہوسکتے ہیں ۔ فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے جناسینا کے صدر پون کلیان کو بھی ریونت ریڈی نے سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موسائی پیٹ میں معصوم بچی کی ہلاکت ، قبائلی خواتین پر حملے کسانوں کو کھمم میں ہتھکڑیاں لگانے اور سرسلہ میں دلتوں پر حملہ کرنے والے چیف منسٹر کیسے اسمارٹ ہوسکتے ہیں ۔ پون کلیان اس کی وضاحت کریں ۔ مسلمانوں اور قبائلوں کو وعدے کے مطابق 12 فیصد تحفظات فراہم نہیں کیا گیا ۔ ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر نہیں ہوئے ۔ دلتوں میں فی کس تین ایکڑ اراضی تقسیم نہیں کی گئی پھر کیسے کے سی آر اسمارٹ چیف منسٹر ہوسکتے ہیں جب تلنگانہ میں کوئی مسائل ہی نہیں ہے تو پون کلیان تلنگانہ میں دورے کیوں کررہے ہیں ۔ پون کلیان فلموں کے اداکار ہے مگر کے سی آر حقیقی زندگی کے سب سے بڑے اداکار ہیں ۔۔