حیدرآباد 7 اگسٹ ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے آج متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ قومی شاہراہوں اور ریاستی شاہراہوں پر ہریتا ہرم پروگرام کے تحت شجر کاری مہم پر زیادہ توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شاہراہوں کو خوبصورت بنانے کیلئے بھی ہر ممکنہ اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ وزیر موصوف نے ہریتا ہرم سے متعلق کاموں کی سست رفتار پر ناراضگی کا بھی اظہار کیا ۔ سیکریٹریٹ میں عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں انہوں نے سوال کیا کہ شاہراہوں پر سرسبز و شاداب پروگرام پوری تیزی سے کیوں نہیں آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کو خوبصورت بنانے کے منصوبہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے بھی شجرکاری اور پودے لگانے کا کام تیزی سے کیا جانا چاہئے ۔