ہریتا ہارم پروگرام کے چوتھے مرحلے کا آج گجویل میں آغاز

چیف منسٹر کے سی آر کی ایک لاکھ پودے لگانے کی مہم میں شرکت

حیدرآباد 31 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر یکم اگسٹ کو اپنے اسمبلی حلقہ گجویل کے ہیڈکوارٹر پر ایک دن میں ایک لاکھ پودے لگانے کے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے ہریتا ہارم پروگرام کے چوتھے مرحلہ کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر ملگو کے قریب راجیو راہداری کے ایک مقام پر شہر گجویل کے دو مقامات پر پرگنیا پور چوراہے پر ایک اور اندرا چوک کے قریب بھی ایک پودا لگائیں گے۔ سرکاری نظم و نسق کی جانب سے گجویل کے حدود میں شامل تمام مکانات، تمام اقسام کی سڑکیں، آؤٹر رنگ روڈ کے علاوہ سرکاری و خانگی تعلیمی ادارے، عبادت گاہوں، سرکاری دفاتر کی خالی اراضیات پر پودے لگانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ چہارشنبہ کی صبح تمام عبادت گاہوں سے مقررہ وقت پر سائرن بجاتے ہوئے شجرکاری مہم کا آغاز کرنے کی عہدیداروں کی جانب سے تیاریاں کی گئی ہیں۔ مختلف مقامات کی نرسریز سے پودے منگوائے گئے ہیں۔ پھل اور پھولوں کے پودے کے علاوہ گھروں میں آم، املی کے علاوہ دوسرے پودے دستیاب رکھے گئے ہیں۔ تقریباً 1.25 لاکھ پودے ملگو، گجویل کے نرسریز میں موجود ہیں۔ یہیں سے پودے مختلف مقامات کو روانہ کئے جائیں گے۔ شہر کو 8 کلسٹرس میں تقسیم کرتے ہوئے اسپیشل آفیسرس کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایک کلسٹر میں 15 ہزار پودے لگانے کا نشانہ مختص کیا گیا ہے۔ پودے لگانے کے لئے ایک لاکھ سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں۔ 75 ہزار پھلوں کے پودوں میں کھوپرا، جام، سیتاپھل، آم کے پودے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 16 ہزار پھولوں کے پودے ہیں۔ شہری عوام کو آلودگی سے پاک خوشگوار ماحول اور ٹھنڈی ہواؤں کی سہولت فراہم کرنے کے لئے پودے لگائے جارہے ہیں اور ساتھ ہی گھر کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے کریپا کے پودے بھی دستیاب ہیں۔ گھر کے سامنے اور پیچھے والی خالی اراضیات پر پھلوں اور پھولوں کے پودے لگانے کے معاملہ میں عوام میں شعور بیدار کیا گیا ہے۔