ہریانہ میں معمولات زندگی بحال ٹرانسپورٹ اور ٹرین سرویس کا آغاز

چندی گڑھ ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ میں آج کسی بھی مقام سے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے جہاں پر معمولات زندگی تیزی کے ساتھ بحال ہورہے ہیں۔ تاہم تشدد سے متاثرہ اضلاع میں عوام سے کہا جارہا ہیکہ حالیہ غارتگیری کے واقعات سے متعلق ثبوت کے تصاویر یا ویڈیو فراہم کریں، جن کی جائیدادوں کو جاٹ برادری کیلئے تحفظات کے مطالبہ پر احتجاج کے دوران نقصان پہنچایا گیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہریانہ میں جاٹ کوٹہ ایجی ٹیشن کے دوران 28 افراد ہلاک اور 200 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء مختلف روٹس پر موٹر گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوگئی ہے جوکہ تحریک تحفظات کے باعث بند کردی گئی تھیں۔ دہلی سے چندی گڑھ تک ٹرین سرویس بھی حسب معمول چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سونی پت میں راجلو کڑھی ریلوے اسٹیشن پر پٹریوں کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا۔ تاہم ریلوے لائن پر مرمت کے چھوٹے چھوٹے کام جاری ہیں۔ واضح رہیکہ جاٹ برادری کے اکثریتی اضلاع جھاجرلہ روہتک میں احتجاجی تحریک کے دوران برہم ہجوم نے تجارتی اداروں کو زبردست نقصان پہنچایا تھا۔ پولیس کمشنر پنچ کولہ ۔ امبالہ مسٹر اوپی سنگھ نے بتایا کہ اشرار کے خلاف ٹھوس ثبوت (تصاویر یا ویڈیو) دستیاب ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔