عدالت کا اشتہار کے ذریعہ نوٹس جاری کرنے کاحکم
پشاور۔29 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سیشن کورٹ نے وزیرِاعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو ہرجانہ کیس میں اخبار میں اشتہار دے کر نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ ایڈیشنل اینڈ ڈسٹرکٹ سیشن جج شاہ ولی اللہ نے ووٹ بیچنے کے الزام پر فوزیہ بی بی کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ہرجانے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے عدالت میں کوئی بھی پیش نہیں ہوسکا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے وزیرِاعظم عمران خان کو اخباری اشتہار کے ذریعے نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیتے ہوئے کہا کہ اشتہار قومی سطح کے اخبار میں شائع کیا جائے۔واضح رہے کہ عدالت مذکورہ درخواست پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 3 بار نوٹس جاری کرچکی ہے۔عمران خان کی جانب سے فوزیہ بی بی پر سینیٹ انتخاب میں ووٹ بیچنے کا الزام عائد کیا گیا تھا جس پر سابق رکن صوبائی اسمبلی نے ان پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔