ہجوم و پولیس کے مابین جھڑپ ‘ 1 ہلاک

بنگال میں واقعہ ۔ بموں سے حملے کے بعد پولیس کی ہوائی فائرنگ
برہمپور ( مغربی بنگال) / کولکتہ 28 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع میں ہوئی ایک جھڑپ میں ایک شخص ہلاک اور دوسرے 13 زخمی ہوگئے ۔ یہ جھڑپ اس وقت ہوئی جبکہ ایک ہجوم نے قومی شاہراہ 34 کو روک دیا تھا اور ان کا مطالبہ تھا کہ گاوں کو برقی لائین بحال کی جائے ۔ بات چیت کی ناکامی کے بعد پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے لاٹھی چارچ کیا اور اس کے بعد ہوا میں فائرنگ کی گئی ۔ یہ واقعہ فراکہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا ۔ اڈیشنل ڈی جی ( لا اینڈ آرڈر ) انوج شرما نے کولکتہ میں بتایا کہ عوامی املاک کا تحفظ کرنے اور بموں سے حملہ کئے جانے کے بعد ہم کو ہوا میں فائرنگ کرنی پڑی ۔ ہجوم منتشر ہونے کے بعد ہم کو اس مقام سے 200  میٹر کے فاصلے پر ایک نعش دستیاب ہوئی ۔ اس پر کئی زخم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جب ہجوم بھاگ رہا تھا اس وقت شائد کچھ ہوا ہو ۔ ہم نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں 9 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں 21 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں سے پولیس کو مستعملہ بموں کی باقیات اور دو کارکرد بم دستیاب ہوئے ہیں۔